”بھارت کیخلاف میچز کی قطعی فکر نہ کی جائے“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف مقابلوں کی قطعی فکر نہ کی جائے کیونکہ عالمی کرکٹ کی چار بڑی ٹیمیں پاکستان ٹور پر آنے کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ شائقین موجودہ سیاسی ماحول میں بھارت کیخلاف میچز نہ ہونے پر مایوسی کا شکار نہ ہوں کیونکہ پڑوسی ملک اس پر آمادہ نہیں ہوگا اور اب اس معاملے سے آگے بڑھ کر دیکھنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
وسیم خان نے واضح کیا کہ جب تک موجودہ بھارتی حکومت اقتدار میں ہے باہمی کرکٹ کا اجراءکا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے اجازت نہیں دی جائے گی مگر پاکستان کرکٹ نے حالیہ برسوں کے دوران بہت کچھ حاصل کیا جبکہ مزید کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کی جا رہی ہے اور بھارت کیخلاف کھیلنے کی فکر کئے بغیر دیگر ملکوں کی ٹیموں کو پاکستان میں مدعو کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوی امید ہے انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گی، میریلیبورن کرکٹ کلب (ایم سی سی) ٹیم کی پاکستان آمد نے جو راستہ ہموار کیا اس پر چلتے ہوئے چار بڑے ممالک 2022ءتک پاکستان آنے پر تیار ہیں جو پی سی بی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور سب سے بڑھ کر یہ بات کہ ملک میں اب سیکیورٹی سے متعلق تصورات تبدیل ہو چکے ہیں۔