کورونا کے باعث معطل ویمن کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کب سے ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

کورونا کے باعث معطل ویمن کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کب سے ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ ...
کورونا کے باعث معطل ویمن کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کب سے ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث ویمن کرکٹ کی معطل سرگرمیوں کا جمعرات سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے اور حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر اور نیشنل سٹیڈیم میں ہائی پرفارمنس کیمپ کیلئے طلب کردہ 27 ویمن کرکٹرز 24 روزہ کیمپ میں اپنی فٹنس اور سکلز میں بہتری لانے کے ساتھ میچ پریکٹس کیلئے مشقیں کریں گی۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کا ردھم جہاں سے ٹوٹا تھا اب اسے وہی سے جوڑنے کا وقت آگیا ہے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ ہیمپ کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کے بعد ہم سب ان کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہیں، بطور کپتان چاہتی ہوں کہ پاکستان ویمن ٹیم دنیا کی پہلی 4 بہترین ٹیموں میں شامل ہو اور اس لحاظ سے میرے ذہن میں بھی چند منصوبے ہیں جن پر غور کیا جاسکتا ہے۔

کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے کہا کہ کرکٹ کی مصروفیات کے باعث اپنے سسرال اور شوہر کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار پائی مگر لاک ڈاﺅن کے ایام میں زیادہ تر وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارا اور اس دوران اپنی فٹنس پر بھی خاص توجہ دی اور سخت فزیکل ٹریننگ سے دن کے آغاز کو اپنا معمول بنایا۔

 سینئر بیٹسمین جویریہ خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز پر بہت خوش ہوں، جس کھیل سے محبت ہو اور وہ کھیلنے کی دوبارہ اجازت مل جائے تو ایک کھلاڑی کی حیثیت سے آپ کو اور کیا چاہیے، نئے ہیڈ کوچ کا تقرر بھی ہو چکا اور ہم سب کو اب صرف میدان میں واپسی کا انتظار ہے، جویریہ خان نے کہا کہ دو سے تین روز کی چھٹی سے تو لطف اندوز ہوسکتے ہیں مگر لاک ڈاﺅن کی وجہ سے اتنے عرصے تک کھیل سے دور رہنا آسان نہیں تھا، لاک ڈاﺅن کے دوران پینٹنگز، گنگنانے اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے کیمپ کیلئے جن 27 خواتین کھلاڑیوں کو کراچی طلب کیا ہے، ان میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، جویریہ رف، جویریہ خان، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ، ماہم طارق، منیبہ علی، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔

مزید :

کھیل -