فخر زمان کی عمدہ نصف سنچری، خیبرپختونخواہ نے سینٹرل پنجاب کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے 13 ویں میچ میں خیبرپختونخواہ کی ٹیم نے فخر زمان کی دھواں دار نصف سنچری کی بدولت سینٹرل پنجاب فرسٹ الیون کو جیت کیلئے 179 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں خیبرپختونخواہ کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔ فخر زمان نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 23، محمد حفیظ 17، شعیب ملک 27، آصف آفریدی 20 اور افتخار احمد 14 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
سینٹرل پنجاب فرسٹ الیون کی جانب سے آصف بشیر نے آخری اوورز میں عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا جنہوں نے 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ظفر گوہر، احسان عادل، قاسم اکرم اور عثمان قادر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔