تحریک انصاف کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی نوجوان نسل سے امیدیں باندھ لیں

تحریک انصاف کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی نوجوان نسل سے امیدیں باندھ لیں
تحریک انصاف کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی نوجوان نسل سے امیدیں باندھ لیں

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اورسابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک  نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں،قوم کی تعمیر اور معاشرے کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں،دنیا کا کوئی ملک تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ نوجوان نسل کو تعلیم عام نہ کرے، نوجوانوں کو مساوی تعلیم و ہر شعبے میں مساوی مواقع دینے کی ضرورت ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سٹوڈنٹ یوتھ کونسل کے ممبران سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک  نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں اور نوجوان قوم کی تعمیر اور معاشرے کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں، نوجوانوں میں طاقت ہے کہ وہ کسی ملک کو ترقی کی طرف گامزن ہونے میں مدد کرے اور ملک کے نوجوان قوم کا مستقبل طے کرتے ہیں،دنیا کا کوئی ملک تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ نوجوان نسل کو تعلیم عام نہ کرے اور پاکستان میں اس وقت نوجوان طبقے کی آبادی سب سے زیادہ ہے،ملک کی مجموعی آبادی کا 64فیصد سے زائد 30 سال کی عمر سے کم اور 29فیصد سے زائد 15 سال کی عمر کے درمیان ہے اور ہمارے ملک میں نوجوانوں کو آج کل بہت ساری پریشانیوں کا سامنا ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو مساوی تعلیم و ہر شعبے میں مساوی مواقع دینے کی ضرورت ہے اور نوجوانوں کو تمام سہولیات اور کامیابی کے حصول کیلئے چیلنج لینے کی ترغیب دی جانی چاہئے، ہم نے پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کو قائم کرکے نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کرنے ہیں اور نوجوان اپنے مستقبل کا تعین کرے اور مقصد کے حصول کیلئے دن رات محنت کرے،معاشرے میں منشیات کی روک تھام و دیگر برائیوں کے خاتمے کے لئے نوجوان نسل اپنا کردار ادا کرے اور اگر نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا موقع نہ دیا گیا تو یہ انسانی وسائل کی بہت بڑی ضیاع ہوگا،ہماری تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان بنانے میں نوجوانوں نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔ 

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -