علی زیدی عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش بند کریں،ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر کو آئینہ دکھا دیا

 علی زیدی عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش بند کریں،ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر ...
 علی زیدی عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش بند کریں،ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر کو آئینہ دکھا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ علی زیدی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش بند کریں، وفاقی حکومت نے سندھ حکومت سے جزائر کی حوالگی کی اجازت مانگی تھی،حوالگی کی اجازت مانگنا اس بات کا ثبوت ہے کہ جزائر وفاقی حکومت کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر شاہ نے کہاکہ علی زیدی نے جو نوٹی فکیشن قوم کو دکھارہے ہیں، اسے خود غور سے پڑھیں،علی زیدی کے دکھائے گئے نوٹی فکیشن میں واضح طور پر مقامی افراد کے مفادات کی بات کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کا مفاد کیا ہے، علی زیدی کو سمجھدار ہونا چاہئے،میری علی زیدی سے درخواست ہے کہ وہ بیان بازیوں میں کم از کم ایمان داری سے تو کام لیں۔

ناصر شاہ نے علی زیدی سے سوال کیاکہ  علی زیدی یہ بتائیں کہ اگر جزیرے وفاق کی ملکیت تھے تو این او سی کیوں مانگی گئی؟ اورسندھ حکومت کا وہ تحریری جواب کہاں ہے کہ جس میں کہا گیا ہوکہ وفاق کو سندھ کے جزائر دے دیئے گئے ہیں؟ وفاقی حکومت کو محض تعمیرات کی اجازت دی گئی جو کسی نجی ملکیت میں بھی دی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے سندھ حکومت کی جانب سے جزائرکی وفاق کو حوالگی کا خط سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ "بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے"جزائر کے حوالے سے کوئی غیرقانونی قدم نہیں اٹھایا گیا،سب دیکھ سکتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کتنی منافق ہے، سندھ حکومت نے بنڈل آئی لینڈ سے متعلق خط جولائی 2020 کو جاری کیا تھا،یہ بات ریکارڈ پر رہے کہ یہ  جزائر پورٹ قاسم اتھارٹی کے زیر انتظام آتے ہیں۔