زیر حراست دہشت گرد کو لیپ ٹاپ سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے ملازم گرفتار

زیر حراست دہشت گرد کو لیپ ٹاپ سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے ملازم گرفتار
زیر حراست دہشت گرد کو لیپ ٹاپ سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے ملازم گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے )انسداددہشتگردی ونگ کےدوملازمین کی جانب سے دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو کرپٹو کرنسی کےاکاؤنٹ چھپانے کےلئے انٹرنیٹ کی سہولت پہنچانےکاانکشاف ہواہےجس پردونوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کےمطابق ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نےملزم حافظ اصغرکوگرفتار کیاجس سےتفتیش جاری تھی کہ ہیڈکانسٹیبلز احتشام اورفرمان ایاز نےملزم حافظ اصغرکےکرپٹو کرنسی اکاؤنٹ کوایف آئی اے کی تفتیش میں چھپانےمیں مدد فراہم کی،ملزمان نےمبینہ طورپردوران ڈیوٹی ملزم کوانٹرنیٹ اور لیپ ٹاپ کی سہولت فراہم کرتے ہوئے بٹکوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی چھپانے کی کوشش میں ملزم کو اعانت باہم پہنچائی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گرفتار ملزم نے اپنے بٹکوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی کے اکاؤنٹ کے پاس ورڈ تبدیل کر کے انہیں چھپانے اور دیگر اکاونٹ میں منتقل کر نے کی کوشش کی۔

اس دوران انسداد دہشت گردی ونگ نے بروقت ٹریکنگ کرکے ثبوتوں کو ضائع کرنے اور کرپٹو کرنسی کو منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور تمام معاملہ ڈی جی ایف آئی اے ثنا ءاللہ عباسی کے علم میں لایا گیا۔ڈی جی ایف آئی نے اس معاملے پر فوری اور سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا جس پر انسداد دہشگردی ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے فوری انکوائری کر کے ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے ملازمین کو قصوروار ٹھہرایا اور ایف آئی اے، انیٹی کرپشن سرکل نے ملازمین کے خلاف اینٹی کرپشن کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی۔

ڈی جی ایف آئی اے ثناءاللہ عباسی کا کہنا تھا کہ محکمہ میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، کسی بھی رینک کے ملازم کی کرپشن پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، ایسی کالی بھیڑوں کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار اہل کاروں کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔