عوام کی زندگی اور صحت کا تحفظ سب سے اہم ہے،چیف سیکرٹری

      عوام کی زندگی اور صحت کا تحفظ سب سے اہم ہے،چیف سیکرٹری

  

لاہور(جنرل رپورٹر)ڈینگی کیسز میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کے دوران جاری کیں۔اجلاس میں ڈینگی کی صورتحال اور مریضوں کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کیلئے لوگوں کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے، ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعائیت نہ برتی جائے۔ انہوں نے تمام ڈویڑنل کمشنرزکو ہدایت کی کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام محکمے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے جاری کی گئی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہسپتالوں  اورلیبارٹریوں سے کیس رپورٹ ہونے کی صور ت میں بروقت ریسپانس یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ جن اضلاع میں ڈینگی پھیلنے کا خطرہ ہے وہاں مائیکرو پلانز کے ذریعے لاروا تلف کیا جائے۔

محکمہ صحت کے سیکرٹریز نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال ڈینگی کے 2711کنفرم مریض اور چار اموات رپورٹ ہو ئی ہیں اورلاہور کے بعد راولپنڈی اور شیخوپورہ میں بھی ڈینگی کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ایکسپو سینٹر لاہور میں 340بیڈز پر مشتمل ڈینگی فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے اجلا س کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کی جانیوالی کارروائی کی تفصیل سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ میں لاہور میں 16افراد کو گرفتاراور783مقدمات درج کئے گئے۔ اجلاس میں صحت، صنعت کے محکموں کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، ڈی جی پی آر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -