عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن کیساتھ، دہشتگردی کیخلاف کھڑا ہے: چودھری سرور

عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن کیساتھ، دہشتگردی کیخلاف کھڑا ہے: چودھری ...

  

       لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے در میان تاریخی اور مضبوط ترین تعلقات ہیں کوئی بھی ہمارے تعلقات کی گہرائی کو نہیں ناپ سکتا ہم ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہیں،دونوں برادر ملکوں کے درمیان طویل المدتی سٹریٹیجک تعلقات آزمودہ ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان میں مزید مضبوطی آرہی ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن کیساتھ اور دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہے،افغانستان میں امن کیلئے بھی پاکستان نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وہ سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب مسجد نبویؐ میں حاضری کے بعد میڈیا اور سعودی عرب میں بسنے والے پاکستانیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات معاشی، سیاسی، سکیورٹی اور فوج تعاون پر مبنی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کے تعلقات آزمودہ ہیں اور یہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے تو سعودی حکومت اور عوام پاکستان کا بھر پور ساتھ دیتے ہیں۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ سعودی اور پاکستانی بھائی بھائی ہیں کوئی شک نہیں کہ پاک سعودیہ تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں دونوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں  اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے سعودی عرب کیساتھ تعلقات جتنے مضبوط آج ہوئے ہیں ماضی میں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔گور نر نے اوورسیز پاکستانیوں کے ملکی ترقی اور استحکام کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز سننے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدلیہ میں سپیشل ججزتعینات ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانا ہے۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -