پیپلز پارٹی کا 17اکتوبر کو باغ جناح کراچی میں پاور شو کرنیکا اعلان

        پیپلز پارٹی کا 17اکتوبر کو باغ جناح کراچی میں پاور شو کرنیکا اعلان

  

کراچی(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 17 اکتوبر کو باغ جناح کراچی میں بڑا جلسہ عام منعقد کرنے اور پاور شو کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان منگل کو وزیراعلی ہاؤس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں پیپلز پارٹی سندھ ایگزیکٹو کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، نائب صدر سرفراز راجڑ، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، صوبائی وزیر سعید غنی  سینیٹر سسئی پلیجو، جاوید نایاب لغاری، سمیت پارٹی کے سندھ بھر کے ڈویڑنل و ضلعی صدور نے شرکت کی۔اجلاس میں 17 اکتوبر کے جلسے میں بھرپور عوامی شرکت یقینی بنانے اور جلسے کی بھرپور تیاریاں شروع کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کے  17 اکتوبر کو کراچی میں تاریخی جلسے میں ہزاروں کارکنان شرکت کرینگے اور جلسے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اہم خطاب کرینگے۔نثار کھوڑو نے کہا کے باغ جناح جلسے عام کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کے وزیراعظم عمران خان عوام دشمن فیصلے کرکے ملک اور عوام کو انتشار کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کے سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی نہیں دیا جا رہا جس وجہ سے زراعت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور تباہی سرکار ملک میں ریکارڈ بجلی، گیس، پیٹرول مہنگا کرکے مہنگائی اور غربت میں اضافہ کرکے غریبوں کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے اس لئے ملک اور عوام کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے اس تبدیلی سرکار کو گھر جانا پڑے گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کے ملک بھر کی عوام کا یہ مطالبہ ہے کے اس عوام دشمن وفاقی حکومت سے نجات چاہیے۔

نثار کھوڑو 

مزید :

صفحہ آخر -