مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا: مفتی اسد محمود

مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا: مفتی اسد محمود

  

        تخت بھائی ( تحصیل رپورٹر)قومی اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر مفتی اسعد محمود نے کہا ہے کہ قادیانیوں کے ایما پر حکومت ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کے لئے آئے روز حملے کررہی ہے۔مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کو خودکشی پر مجبور کردیا ہے۔دوسروں پر تنقید کرنے والوں کے پاس آج عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے۔کرپشن کا بازار گرم ہے۔نوکریوں کا جمعہ بازارلگا ہوا ہے۔14اکتوبر کو پشاور میں ہونے والے مفتی محمود کانفرنس سے حکومت کو اندازہ ہو جائے گا کہ عوام کس قسم کی تبدیلی چاہتے ہیں۔وہ یونین کونسل سکندری، گڑھی کپورہ کے علاقے گمبت اوررستم کے علاقے چارگلی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔دیگر مقررین میں ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا امانت شاہ حقانی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے ضلعی امیر قاری اکرام الحق،قاری عبد الرحمان عزیزی، مولانا تاج الامین جبل، ضلعی ناظم مالیات مفتی سلیم حلیمی،ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین،سابق ایم پی اے مولانا اسرار الحق حقانی،تحصیل مردان کے امیر مولانا محمد عاقل انصاری اور قاری نیاز علی شامل تھے۔مفتی اسعد محمود نے کہاکہ نیب کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے والی حکومت اب چیئرمین نیب کو مزید توسیع دینے جارہی ہے جو کہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔نیب احتساب کے نام پر سیاسی جماعتوں کے اراکین سے انتقام لے رہا ہے۔حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔الیکشن کمیشن سے راہ فرار اختیار کرنے والے نے کورونا وائرس کا سہارا لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے۔ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔آئے روز اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جس سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی آڑ میں ملکی معیشت کو تبا ہ کر کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسٹیبلمشنٹ کو سیاست سے باز رہنا چاہیے۔عمران خان نے پاکستانی معیشت کو ڈبودیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کھبی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ14اکتوبر کو پشاور میں ہونے والے مفتی محمود کانفرنس میں مردان سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہونگے۔

 کرپشن میں جو بھی ملوث ہوگا 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -