نوازشریف کی جعلی ویکسی نیشن، ڈاکٹرسمیت دواہلکار معطل
ملتان ( وقا ئع نگار )سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے خیر پور ٹامیوالی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویکسینیشن کے جعلی اندراج کا نوٹس لیکر ذمہ دار اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیل کے مطابق بنیادی مرکز صحت بستی رانا اقبال یونین کونسل گڈن تحصیل خیر پور ٹامیوالی ضلع بہاولپور کے محکمہ صحت کے اہلکار محمد فرحان عباسی کی جانب سے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی کورونا ویکسینیشن کے جعلی اندراج کی خبر پر سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے فوری نوٹس لے کر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور سے فور ی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ جس پر فوری طور پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور کی جانب سے محکمہ صحت کے افسران پر مشتمل انکوائر ی ٹیم بنائی۔ انکوائر ی ٹیم نے بنیادی مرکز صحت بستی رانا اقبال یونین کونسل گڈن تحصیل خیر پور ٹامیوالی کے سی ڈی سی سپروائزر محمد فرحان عباسی اور میڈیکل افسر ڈاکٹر محمد عمر جاوید کو فوری طور پر معطل کرنے، اہلکار محمد فرحان کے خلاف مقدمہ کا اندراج اور ایف آئی اے بہاولپور کو معاملہ کی تفتیش بارے درخواست کرنے کی سفارشات پیش کیں۔ جن کی روشنی میں چیف ایگزیکٹیو افسر بہاولپو رنے فوری طور پر متعلقہ ڈاکٹر اور اہلکار کو معطل کردیا اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسر خیر پور ٹامیوالی کی مدعیت میں سی ڈی سی سپروائزر محمد فرحان عباسی کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ جس پر پولیس نے قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔
نواز شریف