ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں: ڈاکٹر کاظم نیاز

ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں: ڈاکٹر کاظم نیاز

  

        پشاور(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے ہدایت کی ہے کہ ڈویژنل کمشنرز اور محکمہ صحت کے حکام ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ یہ ہدایات چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ڈینگی وائرس کے بارے میں سول سیکرٹریٹ پشاور میں منگل کے روز منعقدہ اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے اقدامات کو مسلسل جاری رکھا جائے۔ جن اضلاع میں ڈینگی کیسز رپورٹ ہو رہے وہاں پر باقاعدہ طور پر فوگنگ، لاروا کش سپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر بھر پور توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا حکومتی اقدامات بارے میں عوام کو آگاہی دینے کے لئے محکمہ صحت اور محکمہ اطلاعات ملکر اقدامات یقینی بنائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں ڈینگی وائرس سے اب تک ایک موت واقع ہوئی ہے۔چیف سیکرٹری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں ڈینگی کے کیسز کا تناسب زیادہ ہو وہاں زیادہ مستعدی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ڈینگی وائرس کے خطرات سے بچا جا سکے۔دریں اثناء چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کورونا ویکسینیشن بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ھدایت کی کہ لازمی کورونا ویکسینیشن ریجیم کے تحت تمام اہداف کو حاصل کرنے کے لئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنرز اپنے متعلقہ ڈویژنز میں محکمہ صحت کے ساتھ مل کر لازمی ویکسینیشن کے اس مرحلے کے دوران اہداف کو بروقت پورا کریں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک کے لیے متعین اہداف کو حاصل کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ 12 سال سے زائد عمر کے بچوں اور سکولوں کے طلبہ کی ویکسینیشن حکومت کی ترجیح ہے۔ لازمی کورونا ویکسینیشن ریجیم کے تحت تمام اضلاع میں ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے سختی سے ہدایت دی کہ شادی ہال، شاپنگ مالز، ٹرانسپورٹ اڈوں اور دیگر عوامی دفاتر میں سہولیات کے حصول کو لازمی ویکسینیشن ریجیم کے تحت کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ سے مشروط کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -