نور مقدم کیس: ملزم ظاہر جعفر کے والدین کا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع
اسلام آباد(ڈیلی پاکستا ن آن لائن ) نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت ذاکر نے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ملزمان ذاکر جعفر اور عصمت ذاکر نے درخواست ضمانت میں استدعا کی ہے کہ اسلام آبادہائی کورٹ کا 29ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی گئی تھیں جبکہ عدالت عالیہ کی جانب سے ٹرائل کورٹ کو 8ہفتوں میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ نور مقدم قتل کیس میں وفاقی پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کے والدین کوبھی گرفتارکیا تھا اور پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے والد ذاکر جعفر، والدہ عصمت آدم جی کو شواہد چھپانے اور جرم میں اعانت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔