ورلڈ پریس، بک پبلشرز اور صحافیوں کی پاکستان میں میڈیا قدغنوں کی مذمت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ورلڈ ایسوسی ایشن آف نیوز پبلشرز (WAN-IFRA) ، انٹرنیشنل پبلشرز ایسوسی ایشن (آئی پی اے) ، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے قیام سے باز رہیں کیونکہ اس سے میڈیا پر سخت ریاستی کنٹرول بڑھ جائے گا۔
عالمی تنظیموں نے پی ایم ڈی اے کو دیے جانے والے بے تحاشا اختیارات، صحافیوں کیلئے تین سال تک سزاؤں اور ڈھائی کروڑ روپے جرمانے کی تجاویز پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تینوں تنظیموں نے انتہائی خفیہ طریقے سے بل تیار کرنے اور اس میں سول سوسائٹی اور میڈیا اداروں سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز سے اِن پٹ نہ لینے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس طرح کے قوانین بنانے کیلئے میڈیا نمائندگان سے بھی مشاورت کرے تاکہ آزادیِ اظہارِ رائے کو یقینی بنایا جاسکے۔