’مریم صفدر پاکستانی سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہندوستانی پروپیگنڈہ مہم کو آگے بڑھا رہی ہیں‘وزیرمملکت فرخ حبیب نے ن لیگی نائب صدر پر سنگین الزام عائد کردیا 

’مریم صفدر پاکستانی سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہندوستانی پروپیگنڈہ مہم کو آگے ...
’مریم صفدر پاکستانی سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہندوستانی پروپیگنڈہ مہم کو آگے بڑھا رہی ہیں‘وزیرمملکت فرخ حبیب نے ن لیگی نائب صدر پر سنگین الزام عائد کردیا 
سورس: File Photo

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے سلامتی کے اداروں کے خلاف ہندوستانی پروپیگنڈہ مہم کو پاکستان میں مریم صفدر آگے بڑھا رہی ہیں ، اپنی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر ہر سماعت میں مریم صفدر خود وکیل کی غیر حاضری یا نئی درخواستوں کے ذریعے رکاوٹیں ڈال رہی ہیں ،یہ لوگ ذاتی سلامتی کے لئے پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کو نقصان پہنچانے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ، پانامہ پیپرز میں نواز شریف ،مریم صفدرکو شواہد پیش کرنے کے متعدد مواقع فراہم کیے گئے، ماسوائے قطری خط اور کیلبری فونٹ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے کچھ پیش نہیں کیا گیا ، مریم کہتی ہیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں ہے، ان کا بھائی کہتا ہے کہ الحمداللہ ایون فیلڈہمارے ہیں اور مریم نواز بینفیشل اونر ہیں ،مریم میں اتنی اخلاقی جرات ہے تو وہ اس جھوٹ پر قوم سے معافی مانگیں ، تین مرتبہ سابقہ نااہل وزیراعظم وزارت عظمیٰ پر رائج ہوئے تو ملکی خزانے کو لوٹنے کے بعد منی لانڈرنگ سے پیسے لے جاتے رہے۔

 میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ 3اپریل 2016ءکو پانامہ پیپرز سامنے آتے ہیں ،نواز شریف قومی اسمبلی میں اپنے ذرائع سے متعلق بیان دیتے ہیں ،قومی اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر جھوٹ بولتے ہیں، انھیں سات ماہ سپریم کورٹ میں موقع فراہم کیا جاتاہے کہ لندن کے فلیٹس 16,16اے ، 17اے اور 17نمبر فلیٹس کے ثبوت پیش کریں ،نواز شریف قومی اسمبلی کے اپنے بیان سپریم کورٹ میں تبدیل کرتے ہیں اور جعلی قطری خط پیش کرتے ہیں جو ان کا مذاق بنتا ہے،سپریم کورٹ کیس سنتی ہے ،جے آئی ٹی بنتی ہے ،جے آئی ٹی تین ماہ میں اپنی رپورٹ جمع کراتی ہے ،جے آئی ٹی رپورٹ میں پتہ چلتا ہے کہ ملک کا وزیراعظم کسی دوسرے ملک کی کمپنی میں نوکری کا اقامہ ہولڈر ہے،پوری ن لیگ اقامہ لیگ بنی ہوئی تھی ، اقامے پر نواز شریف نااہل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک سال تین ماہ احتساب عدالت اپنا ٹرائل مکمل کرتی ہے ،جعلی کیلبری فونٹ متعارف کرایا جاتا ہے ، مریم کہتی ہیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں ہے، ان کا بھائی کہتا ہے کہ الحمداللہ ایون فیلڈہمارے ہیں اور مریم نواز بینفیشل اونر ہیں ، مریم میں اتنی اخلاقی جرات ہے کہ وہ اس جھوٹ پر قوم سے معافی مانگیں، مریم صفدر ارشد ملک ویڈیو کا ہر جگہ ذکر کرتی ہے لیکن آج تک اس ویڈیو کو بطور شواہد عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا گیا؟مریم صفدر کو ایوان فیلڈ پر سزا احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے دی ، جج ارشد ملک کا کوئی تعلق نہیں ہے،مریم صفدر بتائے کہ کیا نیلسن اور نیسکول عمران خان یا پاکستان کے کسی سیکیورٹی ادارے نے بنائی تھی ؟ کیلبری فونٹ کی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ یا قطری خط کسی عدالت یا ادارے نے بنایا تھا ؟یہ مذاق آپ کا اپنا بنایا ہوا ہے، اقامے بھی خود ہی بنائے ہو ئے تھے،حسن نواز،نواز شریف اور مریم صفدر کرپشن کے پیسے ایک دوسرے کو دیتے رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ میاں شریف کی آمدن 9لاکھ 36ہزار روپے تھی تو اربوں کے فلیٹس کیسے خرید لئے تھے؟قوم اپنی چوری بچانے کے لئے دوسروں پر الزامات نہیں لگانے دے گی ،آپ نے کرپشن کی ہوئی ہے اسی لئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں،کل مریم صفدر نے جو پیٹشن دائر کی ہے اس میں ایک سابقہ جج کا سہارا لیا ،اسکا مطلب ہے کہ آپ کے پاس میرٹ پر کہنے کو کچھ نہیں ہے ، پوری دنیا کو آشکار ہے پاکستان کی سلامتی اور اداروں کو نقصان پہنچانے کے لئے ہندوستان کہاں کہاں پروپیگنڈے کر رہا ہے؟بھارت سیکیورٹی اداروں کے خلاف جو مہم چلارہا ہے ،پاکستان میں مریم اس مہم کی قیادت کر رہی ہے،آپ لوگ سپریم کورٹ اور نیب پر حملہ کرنے والے ہیں ،ان کو شرم بھی نہیں آتی ،جسٹس قیوم کو فون پر فیصلہ لکھواتے رہے ہیں ، شریف خاندان اس فیصلے کی آڑ لے رہاہے جو اپنے دور میں فون پر لکھوایا گیا تھا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں سے شفاف ٹرائل کا موقع دیا ، علاج کے لئے ضمانت ملتی ہے ،نواز شریف بھگوڑے بن کے بیٹھے ہوئے ہیں، اپنے مذموم مقاصد کے لئے سکیورٹی اداروں کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے،مریم صفدر کو چاہیے کہ وہ اس عمل کی حمایت کرے کہ ان کے خلاف کیسز کی یومیہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے، پاکستان کے قومی سلامتی کے ادارے ،مسلح افواج دن رات ایک کیے ہوئے ہیں، دہشت گردی کا قلع قمع کیا ہوا ہے۔

مزید :

قومی -