بچوں اور خواتین کی نازیبا ویڈیوز ڈارک ویب پر فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا
فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے بچوں اور خواتین کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے اور انہیں بین الاقوامی مارکیٹ میں فرخت کرنے والے تین رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں پاکستانی بچوں اور خواتین کی غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کر کے لاکھوں روپے کمانے والے تیں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری انٹرپول کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔ملزمان سے سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیو اور تصاویر بر امد ہوئیں ہیں۔ملزمان لاہور، فیصل آباد، ملتان اوررحیم یار خان میں بچوں کی نازیبا ویڈیو بنا کر بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے مطابق ملزمان امین سلطان اور جاوید کے پاس موجود موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے سینکڑوں کی تعداد میں غیر اخلاقی ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں، جن کی جانچ پڑتال کا کام جاری ہے۔