قائد آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار زخمی

  قائد آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ملیر، قائد آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز اہلکار کوہی گوٹھ کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اس چیکنگ کے دوران مشتبہ افراد نے اہل کاروں پر فائرنگ کردی۔رینجرز اہلکار اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھے۔ اہل کاروں نے موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تھا، جس پر انہوں نے فائرنگ کردی۔فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں باآسانی کامیاب ہوگئے۔ ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔ جب کہ ان کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس ایس پی ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق رینجرز اہلکار ملیر میں چیکنگ کر رہے تھے کہ اس دوران انہوں نے موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں کو رکنے کا اشارہ کیا جو رکنے کی بجائے فرار ہونے لگے۔ موٹر سائیکل پر سوار رینجرز کے اہلکاروں نے ان نوجوانوں کا تعاقب کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے جواب میں رینجرز اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی۔ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار رینجرز کے دونوں اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب رہے۔دونوں زخمی رینجرز اہلکاروں کوجناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے 1 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ زخمی اہل کاروں کی شناخت رمضان اور شاہد کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس  حکام کے مطابق واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہے۔