ڈی ایچ کیو ہنگو میں ڈاکٹرز کی تعیناتی قابل تحسین ہے، رابعہ بصری

ڈی ایچ کیو ہنگو میں ڈاکٹرز کی تعیناتی قابل تحسین ہے، رابعہ بصری

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کی چئیر پرسن و ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری نے کہا ہے کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو میں 2 سپیشلسٹ اور 11 مرد و خواتین ڈاکٹرز کی تعیناتی قابل تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہسپتال میں خالی آسامیوں پر نرسزز کی تعیناتی جبکہ درکار سہولیات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ چیئرپرسن نے ایم پی اے شگفتہ ملک کی درخواست پر بیوٹی پارلر اور سیلونز کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بنانے اور ان کی خدمات مناسب داموں پر یقینی بنانے کیلئے بھی متعلقہ حکام کو ھدایات جاری کیں۔ انہوں نے اسمبلی انتظامیہ کو ہیلتھ کیئر کمیشن کی ساخت و ذمہ داریوں جبکہ جمالیاتی مراکز سے متعلق تحفظات کا جائزہ لینے کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری  کئے۔ انھوں نے یہ ہدایات گزشتہ روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں پیپلز پرائمری ہیلتھ انشی ایٹوز، لیڈیز ہیلتھ ورکرز، کمیونٹی مڈ وائیوز، مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان، کووڈ 19 کے دوران ایل آر ایچ ہسپتال سے مستعفی ڈاکٹرز کے معاملے، ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2015 اور خیبرپختونخوا میڈیکل انسٹیٹیوٹ رولز 1994 سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا۔اس موقع پر ایم این سی ایچ پروگرام کے تحت بھرتی ہونے والی کمیونٹی مڈ وائیوز کو درپیش مسائل کے حوالے سے کی گئی محکمانہ انکوائری کی تفصیلات، ذمہ داران کا تعین اور اس سلسلے میں نظر ثانی شدہ پی سی ون کی کاپی اگلے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کے لیے بھی ھدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و ار اکین صوبائی اسمبلی شاہ فیصل خان، فضل مولا، ریحانہ اسمٰعیل، شگفتہ ملک اور ایم پی اے خوشدل خان کے علاوہ سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت، ڈپٹی سیکرٹری ڈرگز، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، ڈی جی ہیلتھ سروسز، سی ای او ہیلتھ کئیر کمیشن، ہاسپیٹل ڈائریکٹر ایل آر ایچ، پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ایچ پی، ایم ایس ضلعی ہسپتال ہنگو اور سیکشن آفیسر محکمہ قانون سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -