کاروبار ترقی و بہتری کیلئے حکومتی اقدامات ناگزیر ہیں:سرحد چیمبر

  کاروبار ترقی و بہتری کیلئے حکومتی اقدامات ناگزیر ہیں:سرحد چیمبر

  

      پشاور(سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کی ترقی و بہتری کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں۔ ٹیکس گزار سمیت تاجر ملکی معیشت میں کلیدی کرداراداکر رہے ہیں۔ حکومت انہیں سہولیات اور مراعات فراہم کرے۔ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی نے نامساعد حالات کے باوجود کاروبار کو جاری رکھا جو کہ کسی جہاد سے کم نہیں ہے حکومت ان کی داد رسی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ سرحد چیمبر تاجروں کا نمائندہ فورم ہے جس نے تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل اور خصوصی ریلیف دلوانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی تاجروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مبارکباد کیلئے آنیوالے سرحد چیمبر کے سابق صدور فواد اسحاق  فیض محمد فیضی  شیر باز بلور  سابق سینئر نائب صدر انجینئر منظور الہی  ایگزیکٹو ممبر عبدالحکیم شنواری  پشاور میں تعینات افغان کمرشل اتاشی حمید اللہ ہمت  سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے صوبائی چیف راشد امان سمیڈاکے فنانس منیجر سہیل جان  ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عطا الرحمان مرکزی تنظیم تاجران خیبر پختونخوا کے صدر میاں شرافت علی مبارک  کاروباری طبقہ سے وابستہ افراد  دوست و احباب سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر شاہد حسین اورنائب صدر اعجاز خان آفریدی بھی موجود تھے۔سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت کی ترقی و استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب اور دہشت گردی سے متاثرہ تاجروں کو خصوصی ریلیف دلوانے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس گزار ملک کو معیشت کو سہارا دینے اور ترقی کی طرف لے جانے کے لئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت چیمبرز  کاروباری طبقہ کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں تشکیل دے تاکہ ملک میں معاشی استحکام و خوشحالی آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری طبقہ خوشحال ہوگا تو ملک کی معیشت ترقی اور بہتری کی طرف گامزن ہوگی۔ اس سے قبل سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق  شاہد حسین اور اعجاز خان آفریدی سے سابق صدور  کاروباری حضرات اورحکومتی اعلی افسران نے ملاقات کے دوران عہدوں کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -