بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مارکیٹس کو بہتر بنایا جائے گا:مرتضیٰ وہاب

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مارکیٹس کو بہتر بنایا جائے گا:مرتضیٰ وہاب

  

     کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مارکیٹس کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ ریکوری میں اضافہ کیا جاسکے، محکمہ اسٹیٹ اس سلسلے میں مکمل ڈیٹا تیار کرے اور ریکوری پر متعین عملے کو فعال بنایا جائے، کے ایم سی کی مارکیٹوں میں صفائی ستھرائی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں، محکمہ اسٹیٹ کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ اجلاس کیے جائیں گے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں محکمہ اسٹیٹ کے متعلق فالو اَپ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ سمیرا حسین، ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران صدیقی بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی کو محکمہ اسٹیٹ کے تحت کیے جانے والے اقدامات اور کاموں کی تفصیلات پر مبنی بریفنگ پیش کی گئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ریکوری اہم ترین ذمہ داری ہے اور محکمہ اسٹیٹ اس حوالے سے مرکزی حیثیت رکھتا ہے، کسی بھی ادارے میں ریونیو کلیکشن کی صورتحال کو بہتر بنائے بغیر نتیجہ خیز کام نہیں کیے جا سکتے، لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ افسران اپنے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائیں، شہر میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور شہری سہولیات میں اضافے کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اثاثوں کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کی جائے تاکہ تمام معاملات شفاف طریقے سے چل سکیں، انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ اسٹیٹ اپنے ریکوری پر مامور افسران سے باقاعدگی سے کام کی رپورٹ حاصل کریں اور اس کی بنیاد پر آئندہ کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے، کے ایم سی کی مارکیٹوں سے حاصل ہونے والے ریونیو کو کے ایم سی کو بہتر بنانے پر خرچ کیا جائے گا،انہوں نے ہدایت کی کہ کے ایم سی کی مارکیٹوں میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال اور فروخت پر پابندی ہے، اس ضمن میں بھی مزید اقدامات کیے جائیں، محکمہ اسٹیٹ کی کارکردگی بہتر ہونے سے کے ایم سی کے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور ادارے کو اپنے پیروں پر کھڑ اکرنے میں مدد ملے گی۔

مزید :

صفحہ اول -