تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے کو روکنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے کتنے کنٹینرز قبضے میں لے لیے؟

تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے کو روکنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے کتنے کنٹینرز ...
تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے کو روکنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے کتنے کنٹینرز قبضے میں لے لیے؟

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے کو روکنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے 1100کنٹینر قبضے میں لے لیے۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے دھرنے کے ممکنہ اعلان کے بعد دارالحکومت کو ایک ہفتے کے لیے مکمل سیل کر دیا جائے گا۔ اس دوران اسلام آباد کے سکولوں اور کالجز بند اور امتحانات ملتوی کر دیئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کو 25ہزار کی اضافی نفری فراہم کی جائے گی۔ پولیس کے پاس ربڑ کی 50ہزار گولیاں بھی ہوں گی۔ سکیورٹی اداروں کو آنسو گیس کےشیل بھی فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو 10ڈرون بھی فراہم کیے جائیں گے جن کے ذریعے ممکنہ طور پر مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جاسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھرنا ناکام بنانے اور ممکنہ ہنگامہ آرائی کو روکنے کے لیے پہلی بار ہیلی کاپٹر کا استعمال بھی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سکیورٹی اداروں نے پی ٹی آئی کے فنانسرز کی گرفتاریوں کے لیے ان کی فہرستیں بھی تیار کر لی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے اگر بنی گالہ سے دھرنے کا اعلان کیا تو بنی گالہ کو سب جیل قرار دے کر انہیں ہاﺅس اریسٹ کر لیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -