سابق ڈرائیور نے گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 86سالہ خاتون کو خنجر کے وار کرکے قتل کر دیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں سابق ڈرائیور نے گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 86سالہ خاتون کو خنجر کے وار کرکے قتل کر دیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واردات نئی دہلی کے علاقے رانی باغ میں ہوئی۔ گوپال نامی ملزم اس گھر میں ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا اور اسے چند دن پہلے معمر خاتون نے نوکری سے نکال دیا تھا۔
نوکری سے نکالے جانے کے چند دن بعد ملزم رات کے وقت گھر میں گھس گیا اور 3لاکھ 20ہزار روپے لوٹنے کے بعد خاتون کو خنجر کے وار کرکے شدید زخمی کر دیا اور جائے واردات سے فرار ہو گیا۔ خاتون کی فیملی نے اسے فوری طور پر مایا مونی رام ہسپتال منتقل کیا تاہم پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے اس کے مردہ ہونے کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔