پیوٹن کی جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کی پیشکش ایک اچھی تجویز لگتی ہے، ٹرمپ
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے جوہری ہتھیاروں پر حد بندی برقرار رکھنے کی پیشکش انہیں “اچھی تجویز” معلوم ہوتی ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیوٹن نے گزشتہ ماہ پیشکش کی تھی کہ اگر امریکا بھی ایسا ہی کرے تو روس رضاکارانہ طور پر 2010 کے نیو اسٹارٹ معاہدے (New START Accord) کے تحت مقرر کردہ جوہری ہتھیاروں کی حد برقرار رکھنے پر آمادہ ہے۔ یہ معاہدہ فروری میں ختم ہو رہا ہے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا“میرے خیال میں یہ ایک اچھی تجویز لگتی ہے۔”
دوسری جانب روس کے اقوامِ متحدہ میں مندوب واسلی نیبینزیا نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ماسکو اب بھی ٹرمپ کے جواب کا انتظار کر رہا ہے تاکہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی دونوں ممالک اپنے تعین شدہ جوہری ہتھیاروں کی حد برقرار رکھ سکیں۔
