عدالت میں فائرنگ، جج ہلاک،2 افراد زخمی
تیرانا (ڈیلی پاکستان آن لائن) یورپی ملک البانیا کے دارالحکومت تیرانا میں پیر کے روز ایک شخص نے عدالت کے اندر فائرنگ کرکے جج کو ہلاک اور 2افراد کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق اپیلز کورٹ کے جج اسٹریٹ کلا یا مقدمے کی سماعت کر رہے تھے جب ملزم نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جج کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
فائرنگ کے دوران مقدمے کے دوسرے فریق باپ اور بیٹا بھی گولیوں کا نشانہ بنے، تاہم دونوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ جائیداد کے تنازعے سے متعلق تھا، اور ملزم نے جج پر اس لیے گولیاں چلائیں کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ وہ مقدمہ ہار جائے گا۔
