اصل ٹارگٹ پیپلز پارٹی نہیں شہباز شریف ہیں، مریم نواز کے فیورٹ لوگ ان کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، حامد میر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی میں اصل ٹارگٹ پیپلز پارٹی نہیں بلکہ وزیر اعظم شہباز شریف ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ اندر بہت سی لڑائیاں ہیں، شہباز شریف نے بہت سی فرمائشیں پوری نہیں کیں، کسی کو بہت اہم عہدہ دلوانا تھا لیکن اس کو عہدہ نہیں ملا۔
حامد میر کے مطابق کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ سوشل میڈیا پر ن لیگ کے نام نہاد ٹرولز شہباز شریف پر حملہ کر رہے ہیں اور مریم نواز ان کو کھلم کھلا سپورٹ کر رہی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ اصل ٹارگٹ وزیر اعظم ہیں، یہی بات پیپلز پارٹی بھی کہہ رہی ہے کہ نشانہ وہ نہیں بلکہ وزیر اعظم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مریم نواز کے بہت ہی فیورٹ لوگ شہباز شریف کو نشانہ بنائیں گے اور پراپیگنڈہ کریں گے تو اس کا کیا مطلب ہے، یہ بات اب اتنی چھپی ہوئی نہیں ہے۔
