پی سی بی کی پاکستان آنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو اضافی رقم کی آفر

پی سی بی کی پاکستان آنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو اضافی رقم کی آفر
پی سی بی کی پاکستان آنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو اضافی رقم کی آفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے پاکستان میں آنے پر کھلاڑیوں کو اضافی رقم کی آفر کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کیلئے پاکستان آکر کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اضافی معاوضہ دیا جائیگا۔ آئندہ ایڈیشن میں بھی ٹیمیں پانچ ہی رہیں گی کیونکہ پانچوں فرنچائزز نئی ٹیم کیلئے نہیں مانیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ملکوں نے اپنی سپر لیگ بنالی ہیں جن کے انعقاد سے اچھا منافع آتا ہے۔ پی ایس ایل کی وجہ سے کرکٹ میں بہتری آئی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی میں واضح فرق آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سیکیورٹی کا بڑا مسئلہ ہے ،بنگلہ دیش کی ٹیم نے پاکستان آنے پر 80 فیصد اتفاق کر لیا تھا لیکن بعد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم نہیں آئی جبکہ پچھلے سال آئرلینڈ کی ٹیم بھی آنے کیلئے تیار تھی لیکن جب تک سیکیورٹی نہیں ہوگی کوئی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دعوت دی گئی ہے۔ پاکستان آکر کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اضافی پیسے دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف سے اس حوالے سے بات ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اگر لاہور میں فائنل کرانے کی بات بن جاتی ہے تو کھلاڑیوں کو این سی اے میں ہی ٹھہرایا جائے گا کیونکہ ہوٹل سے آنے جانے میں مسئلہ ہوتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چیئرمیں پی سی بی کیوں استعفیٰ دیں؟ میرا ان سے کوئی اختلاف نہیں اور ہم دونوں مشاورت کرتے ہیں، میں چاہتا ہوں شہریار خان پی سی بی چلائیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز رواں سال کے آغاز میں متحدہ عرب امارات میں ہوا تھا جس کا فائنل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے جیتا تھا۔

مزید :

کھیل -