منچلی لڑکیوں کے پیار اور محبت کی کہانی سٹیج ڈرامہ ’’ڈانسر‘‘

منچلی لڑکیوں کے پیار اور محبت کی کہانی سٹیج ڈرامہ ’’ڈانسر‘‘

رپورٹ و تصاویر:حسن عباس زیدی

تماثیل تھیٹر میں جاری ڈرامہ’’ڈانسر‘‘ان دنوں عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔یہ ڈرامہ منچلی لڑکیوں کے پیار اورمحبت کی کہانی ہے ۔ اس ڈرامہ کی کامیابی بہترین کامیڈی اور ڈانس پرفارمنس کو قرار دیا جا رہا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ ملک کی بہترین پرفارمرز نرگس اور ماہ نور نے دھوم مچائی ہوئی ہے۔’’ڈانسر‘‘کے دیگر نمایاں فنکاروں میں امان اللہ ،ناصر چنیوٹی،طاہر انجم ،مہک نور،سائرہ خان،عابد شاہ،بینا سحر اور گلفام شامل ہیں۔’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہو ئے پروڈیوسر علی رضانے بتایا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ میں اعلیٰ اور معیاری ڈرامے پیش کروں ۔میرے ڈراموں کو فیملیز کی بہت بڑی تعداد دیکھتی ہے اس کی وجہ یہ کہ میرے کسی ڈرامے میں فحاشی نہیں ہوتی ۔میرے ڈرامہ کی کامیابی کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ میں نے ہمیشہ ٹیم ورک پر یقین رکھا ہے۔میری ٹیم کا ہر ممبر اپنے کام پر مکمل دسترس رکھتا ہے ۔پروڈیوسرعلی رضا نے بتایا کہ میں مستقبل میں بھی اعلیٰ اور معیاری کام جاری رکھوں گی۔میرے ڈرامے میں مقصدیت اور پیغام دونوں ہیں ۔اس ڈرامے میں مزاح ہی مزاح میں ایک اہم پیغام دیا گیا ہے لاہور میں سٹیج ڈراموں کو بہتر بنانے میں اپنے کردار پر فخر ہے اس وقت تھیٹر انڈسٹری پورے عروج پر ہے۔ ’’ڈانسر‘‘میں نرگس اور ماہ نو ر کے آئٹم سانگز نے دھوم مچائی ہوئی ہے۔نرگس نے بتایا ہے کہ ’’ڈانسر ‘‘میں کام کرنے والے تمام فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کے دل موہ لئے ہیں ماہ نور نے’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس ڈرامے کے لئے ایک نیا آئٹم تیار کیا ہے جسے بہت پسند کیا جارہا ہے اور مجھے شائقین کی طرف سے زبردست رسپانس مل رہا ہے جس پر میں تمام لوگوں کی بے حد مشکور ہوں۔مہک نورنے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ کم مگر معیاری کام کو ترجیح دی ہے۔تماثیل تھیٹر میں جاری ڈرامہ’’ڈانسر ‘‘میں میری پرفارمنس کو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔سائرہ خان نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی میرا خواب ہے میں پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کی خواہشمند ہوں اور اس کے لئے ضروری ہے کہ فلم کے تمام شعبوں میں نئے لوگوں کو مواقع ملنے چاہیے اور خاص طور پر اداکاری کے میدان میں ٹی وی اور سٹیج کے باصلاحیت اداکاروں کو آگے لانا چاہیے تاکہ انڈسٹری میں نئے اداکاروں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکے ۔

مزید : ایڈیشن 2