پی ٹی وی لاہور مرکز کے پنجابی ثقافتی پروگرام’’جی آیاں نوں ‘‘کی مقبولیت
حسن عباس زیدی
پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر میں پنجابی ثقافتی پروگرام ’’جی آیاں نوں‘‘مسلسل مقبولیت حاصل کررہاہے ۔اس کا تمام تر کریڈٹ پروڈیوسر الیاس چوہدری کو جاتا ہے بلاشبہ ان کا شمار پی ٹی وی لاہور مرکز کے چند با صلاحیت پروڈیوسرز میں کیا جاتا ہے ۔’’جی آیاں نوں‘‘کے حوالے سے پی ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر الیاس چوہدری نے بتایا کہ پنجاب کے طول و عرض سے مو صول ہونے والے خطوط اور برقی پیغامات اس پروگرام کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔پروگرام "جی آیاں نوں " پنجاب کی لوک موسیقی اور علاقائی ثقافت کا عکاس ہونے کے ساتھ ساتھ نئے فنکاروں کیلئے ایک تربیت گاہ کا کردار ادا کر رہا ہے۔ جنرل منیجر لاہور سینٹربشارت خان جو اس پروگرام کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کی ہدائت پر علاقائی زبانوں،ثقافت اور لوک موسیقی کی ترویج کیلئے ایسے پروگرامز کو جاری رکھا جائے گا ۔یوم آزادی کے موقع پر بھی پروگرام"جی آیاں نوں " نے خصوصی طور پر ملّی نغمے پیش کئے اور" یوم دفاع "کے سلسلے میں بھی پاک وطن کے جانثاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے نغموں کی ریکارڈنگ کی گئی۔"جی آیاں نوں "کے مختلف پروگرامزکی ریکارڈنگ میں اکرم راہی ،عینی طاہرہ،انور رفیع،ریاست علی ملنگی،مون پرویز،لکی علی چاند،گلاب،اے آر وڑئچ،عابد کنول،اشرف علی،امین کمہار، دلاور علی اور دیگر گلوکاروں نے اپنی سروں کے سحر سے ناظرین کو محظوظ کیا جبکہ غفار لہری،ابرار ہاشمی،سہیل پٹاکہ اور کامران ظریف نے مزاحیہ خاکے اور ون مین شو پیش کئے ۔شاعر اور ادیب سیّدظفر علی گیلانی ،چائلڈ آرٹسٹ ردا عاصم اور علی نواز نے بطور مہمان شرکت کی ۔پروگرامز کے سکرپٹ پروفیسر شاہد چوہدری نے تحریر کئے اور میزبانی کے فرائض یاسر قریشی اورسحر ملک نے انجام دئیے ۔