تین روزہ پولیو مہم،17لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائینگے
لا ہور (جنر ل ر پو رٹر )ضلعی انتظامیہ نے شہر میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا، ڈی سی او محمد عثمان نے بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کیا۔تفصیلا ت کے مطا بق ڈی سی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے مزنگ لٹن روڈ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ڈی سی او نے بچوں کے والدین کو تنبیہ کی کہ وہ اردگرد کے رہائشیوں اور رشتہ داروں کو اس بات پر متفق کریں کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔ڈی سی او نے پولیو ٹیم سے گھروں کے ڈیٹا اور پولیو ویکسین کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ ڈی سی او محمد عثمان نے کہا کہ تین روزہ پولیو مہم کے دوران محکمہ ہیلتھ کی ‘‘4319 ٹیمیں ‘‘16 لاکھ 94 ہزار کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے پندرہ سو جوان مہم میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، واضح رہے کہ پولیو کی ٹیمیوں پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کے بعد سے ان کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جس کے تحت ہر پولیو ٹیم کو دو سے تین اہلکار فراہم کیے جاتے ہیں جوکہ ان کی حفاظت پر مامور ہوتے ہیں۔