پیر سید جماعت علی شاہؒ ایک عظیم روحانی پیشوا‘ مجدد اور مصلح تھے،پروفیسر رفیق احمد

پیر سید جماعت علی شاہؒ ایک عظیم روحانی پیشوا‘ مجدد اور مصلح تھے،پروفیسر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اپنے خبر نگار سے ) امیر ملت حضرت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ ایک عظیم روحانی پیشوا‘ مجدد اور مصلح تھے۔ان کے انقلابی فکر و عمل نے برصغیر کے مسلمانوں میں حریت فکر بیدار کر دی۔ تحریک پاکستان کے دوران امیر ملتؒ نے قائداعظمؒ اور مسلم لیگ کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں خصوصی نشست بعنوان ’’ تحریک پاکستان میں امیر ملتؒ کا کردار‘‘ کے دوران کیا ۔ اس نشست کی صدارت نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی جبکہ مہمان خاص پیر سید منور حسین شاہ جماعتی سجادہ نشین آستانۂ عالیہ علی پورسیداں تھے۔ نشست کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا گیا ۔ حافظ محمد اقبال نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ غلام رسول نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت اور حافظ محمد شفیق جماعتی نے منقبت پیش کی ۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔ تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے نشست کے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ اور ان کے مریدین نے تحریک پاکستان میں انتہائی فعال کردار ادا کیا۔ آپ کی شخصیت شریعت و طریقت کا حسین امتزاج تھی۔آپ کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی۔ آپ نے دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے سلسلے میں برصغیر کے دور افتادہ علاقوں کا سفر کیا۔۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے جب 1936ء میں مسلم لیگ کی تنظیم نو کا بیڑا اٹھایا اور مسلمانوں کے علیحدہ اسلامی تشخص کے لیے آواز بلند کی تو انہوں نے قائداعظمؒ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ تحریک پاکستان کو عوامی تحریک بنانے اور اسے واضح اسلامی تشخص دینے میں علمائے کرام اور صوفیائے عظام کا بڑا کردار ہے۔ قائداعظمؒ نے ہندو نوازجمعیت علمائے ہند کے مقابلے میں جمعیت علمائے اسلام قائم فرمائی۔ اس جماعت نے علماء و صوفیاء کی اکثریت کو اپنی طرف مائل کر لیا اور اس طبقے نے تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ تحریک پاکستان کے اکابرین کی حیات و خدمات کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ،ممتاز کشمیری رہنما و نظریۂ پاکستان فورم میرپورآزادکشمیر کے صدر مولانا محمد شفیع جوش ،ممتاز عالم دین مفتی محمد نعمان قادری نے بھی خطاب کیا ۔ اس نشست میں قاری محمد شفیق حیدری، پیر سید مراتب علی شاہ جماعتی،حمید فاضل شیخ، شاہ زادہ محمد احسن گیلانی،سیدطاہر ابرار، پیر سید امجد حسین شاہ سمیت آستانۂ عالیہ علی پور سیداں سے عقیدت رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔