سبزہ زار سکیم کا ٹرک سٹینڈ بنیادی سہولیات سے محروم ،جابجا گندگی ،بیماریاں عام

سبزہ زار سکیم کا ٹرک سٹینڈ بنیادی سہولیات سے محروم ،جابجا گندگی ،بیماریاں ...

لاہور (اپنے خبر نگار سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سکیم سبزہ زار میں بنایا گیا ٹرک سٹینڈ 25سال بعد بھی تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ،ابلتے گٹر،ناقص سیوریج سسٹم اور بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات نہیں کئے جا رہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ ہم سالانہ کروڑوں روپے ٹیکس دیتے ہیں ،پھر بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اورگندے پانی میں ڈینگی مچھرکی بھر مار ہو گئی ہے ،اور یہاں بیماریاں پھیل رہی ہیں مگر کسی ادارے یا اتھارٹی نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی،تفصیلات کے مطابق 12مرلہ کے 200سے زائدپلاٹوں پر مشتمل ایریا میں 500دفاتر ہیں ،جہاں سے ٹرکوں پر سامان دوسرے شہروں کو لے جانے کے لئے بکنگ کی جاتی ہے،اور اس جگہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ کام کرتے ہیں،لیکن اس کے باوجود یہاں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں جبکہ سیوریج کا انتظام نہ ہو نے کے برابر ہے ،گٹر ہر وقت ابلتے رہتے ہیں ،اور جب سے موسم برسات شروع ہوا ہے،تب سے یہاں پر پانی کھڑا ہے ۔ ٹرک سٹینڈ کی یونین کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم لوگ سالانہ کروڑوں روپے حکومت کو ٹیکس دیتے ہیں ،مگر ٹرک سٹینڈ کی حالت اپ کے سامنے ہے ،انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے بڑے منصوبے توبنائے جا رہے ہیں مگر پہلے سے موجودمنصوبوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری یونین نے کئی بار واسا کے دفتر جا کر کہا ہے کہ یہ بارش کا پانی ہے ،اس کو نکال دوان کا کہنا ہے کہ یہ جگہ سٹی گورنمنٹ کی ہے ،اور سٹی گورنمنٹ والے کہتے ہیں کہ یہ سکیم ایل ڈی اے کی ہے ہم لوگ کہاں جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1