پی آئی سی کے اعلی ٰ کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں انعامات تقسیم
لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سٹاف کے لئے اعلی کارکردگی کی بنیاد پراعلان کردہ پانچ لاکھ روپے اور تعریفی اسناد انسٹی ٹیوٹ کے سٹاف میں تقسیم کیں ۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف ایگزیکٹو پی آئی سی پروفیسر ندیم حیات ملک ، ایم ایس ڈاکٹر دلدار احمد خان ، فیکلٹی کے ممبران ، نرسز اور پیرا میڈکس نے شرکت کی ۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور سیکرٹری محکمہ صحت مجھے اس بات پر فخر محسوس ہو رہا ہے کہ پی آئی سی نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے وزیر اعلی پنجاب سے شاباش اور نقد انعام حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی کارکردگی کے لحاظ سے دیگر ہسپتالوں کے لئے قابل تقلید مثال ہے جنہوں نے صرف 14 بستروں کی ایمرجنسی کے باوجود نا مساعد حالات میں مریضوں کی خدمت کی اور صفائی کی بہترین مثال قائم کر کے دوسرے اداروں کے لئے ایک ماڈل پیش کیا ۔