چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کا مقامی ہوٹل میں ایک عصرانے کا اہتمام

چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کا مقامی ہوٹل میں ایک عصرانے کا اہتمام

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطاالحق قاسمی نے مقامی ہوٹل میں ایک عصرانے کا اہتمام کیا ۔جس میں لاہورکے معروف ادیبوں ،شاعروں ،کالم نگاروں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔چیئرمین پی ٹی وی نے شرکأ کوبتایاکہ پاکستان ٹیلی ویژ ن نے رواں سہ ماہی میں اپنے تیار کردہ ڈرامے نشر کرنے شروع کر دئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ لاہور،اسلام آباد،کراچی ،پشاور اور کوئٹہ مراکز نے اپنی تیار کردہ پروڈکشنز پروگرام "کھوئے ہووں کی جستجو ،مزاحیہ ڈرامہ نوٹنکی فیملی،ڈرامہ رائیگاں،ریما شو،قصّہ کرسی کا،شام سے پہلے اوردھنک آن ائیر ہو چکے ہیں ۔چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی نے صحافیوں اور دانشوروں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ پی ٹی وی کی عظمتِ رفتہ کی بحالی ان کا مقصد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جب سے انہوں پی ٹی وی میں ذمہ داریاں سنبھالی ہیں کوئی بھی پرائیویٹ پروگرام یا پروڈکشن باہر سے نہیں خریدی بلکہ تمام پی ٹی وی مراکز میں سٹوڈیوز کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں اور اپنے ڈرامے اور پروگرام تیار کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کے جو ڈرامے یا پروگرام پہلے خریدے جا چکے ہیں وہ بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گے مگر آئیندہ تمام پروڈکشن پی ٹی وی کی اپنی ہو گی ۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس انتہائی باصلاحیت پروڈیوسرز اور پرعزم فروفیشنلز موجود ہیں ۔ہماری پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سہ ماہی میں ناظرین کے لیے دلکش اور منفرد پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں ۔جنرل منیجر لاہور سینٹربشارت خان اور پروگرام منیجر چوہدری افتخار ورک نے مہمانوں کاپرتپاک استقبال کیا۔ عصرانے میں لاہور کے جن معروف ادیبوں ، کالم ،نگاروں ، شاعروں اورلکھاریوں نے شرکت کی ان میں ممتاز صحافی مدیر اعلیٰ روزنامہ پاکستان مجیب الرحمٰن شامی،اصغر ندیم سیّد ،کارٹونسٹ جاوید اقبال ،کیپٹن ریٹائرڈ عطا محمد خاں ،زاہد مسعود، ایوب خاور ، ابرار ندیم ،گل نوخیز،وصی شاہ،امجد طفیل ،عباس تابش ،وجاہت مسعود، حسین شیرازی ، ڈاکٹر تحسین فراتی ،عزیز احمد،امریکہ سے انور قدیر،روف طاہر ،ڈاکٹر جمیل انوراورناصر ملک شامل ہیں ۔

مزید : کلچر