پاک فوج نے 65 کی جنگ میں دشمن کو ناکوں چنے چبوائے جسکی مثال نہیں ملتی: فاؤنڈرزگروپ

پاک فوج نے 65 کی جنگ میں دشمن کو ناکوں چنے چبوائے جسکی مثال نہیں ملتی: ...

لاہور (کامرس رپورٹر) فاؤنڈرز گروپ لاہور چیمبرکے چیئرمین محمد اعجاز بٹ، سابقہ صدور ایل سی سی آئی میاں محمد اشرف، میاں مصباح الرحمن، فاروق افتخار اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر فاؤنڈرز گروپ خواجہ خاوررشید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج نے جس طرح 65 کی جنگ میں دشمن کو ناکوں چنے چبوائے اسکی مثال پورے عالم میں کہیں اور نہیں ملتی، وطن عزیز کے تحفظ اور استحکام کیلئے پاکستان آرمی نے ہر محا ذ پر بہادری کے جھنڈے گاڑھے ہیں جن کی مثالیں رہتی دنیا تک یاد رکھی جائینگی، کاروباری برادری تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم کے اعادہ کا اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، یوم دفاع بہادری، شجاعت اور جرات کی ایسی یاد ہے جو ہمیں یقین، ایمان اور یکجہتی کا درست دیتی ہے۔

، ہمیں باور کرواتی ہے کہ کس طرح ہمارے پیاروں نے اپنی جان کے نظرانے پیش کر کے ملک و قوم کی حفاظت کی اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر اسے منہ توڑ جواب دیا ، ہماری افواج نے دنیا میں ایسی مثالیں قائم کی ہیں جنکا تاریخ عالم میں کوئی ثانی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پاک افواج ایک مرتبہ پھر وطن عزیز کے استحکام اور ملک کی بقا کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی انمول جانوں کو قربان کر کے بہادری کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہے، دشمن چاہے اندرونی ہو بیرونی پاک افواج ہمیشہ وطن عزیز کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو چار نہیں بلکہ بے شمار دشمن ہیں جن سے مقابلہ کرنے کیلئے پاک فوج ہروقت تیار رہتی ہے اور یہ پاکستان کے تمام دفاعی اداروں کی قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ہم ایک آزاد اور کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آئے اور بیشتر ملک دشمن عناصر کا صفایا کر دیا گیا، کراچی آپریشن ملک میں ایک مرتبہ پھر سے ترقی کی راہیں ہموار کرنے میں مدد گار ثابت ہوا اور ان تمام کامیابیوں کا تاج صرف پاک فوج کے سر سجتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے استحکام کیلئے مل جل کر کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔

مزید : کامرس