فنی تربیت کو عالمی سطح تک لانے کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں : ذوالفقاراحمدچیمہ
لاہور(پ ر) پاکستان اور چین کے مابین فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میں تبادلے اور تعاون کے فروغ کیلئے آج نیوٹیک ہیڈ کوارٹر میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مسٹر فین چی یونگ ڈپٹی ڈویژن چیف ٹیانجن ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن ، پروفیسر چینگ یوزوہو ، ڈائریکٹر انجینئر ٹریننگ سینٹر ، مس لی وین یا اور چینگ ہوئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ نے پاکستان کے نوجوانوں کی فنی تربیت کے حوالے سے بات کی اور اس قیمتی اثاثے کو ملک کیلئے بہتر انداز میں استعمال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے چینی وفد کو نیوٹیک کے زیر تحت پاکستان میں ٹی وی وی ٹی کی فراہمی اور سسٹم میں لئے جانے والی اصلاحات و اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم زیادہ سے زیادہ انڈسٹری کی شمولیت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دے رہے ہیں ۔انہوں نے مو جودہ سسٹم میں مزید بہتر ی لانے کیلئے چین کے ساتھ اشتراک و تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک (CPEC) پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ایک عظیم منصوبہ ہے جس میں ہزاروں تربیت یافتہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع ملیں گے ۔ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے ۔ چین کے تعاون سے ہم نیشنل ٹریننگ بیورو کو ایک ماڈل ادارے میں تبدیل کردیں گے جہاں سالانہ پانچ ہزار نوجوان تربیت حاصل کرکے باروزگار بنیں گے۔
انہوں نے چینی ماہرین کی ٹیکنیکل امداد پر انکا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ دی ۔