صوبائی انتخابات،مہاجرین مخالف پارٹی کے ہاتھوں مرکل کی جماعت کو شکست

صوبائی انتخابات،مہاجرین مخالف پارٹی کے ہاتھوں مرکل کی جماعت کو شکست

برلن(این این آئی)جرمن کی ایک شمالی مشرقی ریاست میکلن بْرگ ویسٹرن پومیرینیا میں ہونے والے صوبائی انتخابات میں مہاجرین مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی نے جرمن چانسلر میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کو شکست دے دی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق انتخابات کے بارے میں ابتدائی اندازوں کے مطابق چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین اب ریاست میکلن بْرگ ویسٹرن پومیرینیا میں دوسری کی بجائے تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ریاست میکلن بْرگ ویسٹرن پومیرینیا پر گزشتہ ایک دہائی سے اعتدال پسند بائیں بازو کی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہی میں علاقائی حکومت قائم ہے جبکہ میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کی جونیئر پارٹنر رہی ہے۔مہاجرین مخالف جماعت آلٹر نیٹیو فار ڈوئچ لینڈ(اے ایف ڈی) نے میکلن بْرگ ویسٹرن پومیرینیا میں 21 فیصد ووٹ حاصل کیے ۔ اِس ریاست میں اس جماعت نے پہلی بار انتخابات میں حصہ لیا ہے کیونکہ یہ محض تین برس قبل ہی وجود میں آئی تھی۔ یہ جماعت چانسلر میرکل کی مہاجرین دوست پالیسیوں کی سخت ناقد ہے اور یہی اسی جماعت کی انتخابی مہم کا ایک اہم نکتہ بھی تھا۔

مزید : عالمی منظر