شہریارخان عارضہ قلب میں مبتلا‘ نجم سیٹھی کے دوبارہ چیئرمین بننے کی راہ ہموار

شہریارخان عارضہ قلب میں مبتلا‘ نجم سیٹھی کے دوبارہ چیئرمین بننے کی راہ ہموار

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان عارضہ کلب میں مبتلا ، عہدہ چھوڑنے کے امکان کے بعد نجم سیٹھی کے دوبارہ چیئرمین بننے کی راہ ہموارہونے لگی۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 82سالہ چیئرمین شہر یارخان ان دنوں عارضہ قلب میں مبتلا ہیں ۔ڈاکٹروں نے ضروری سمجھا تو اْن کی سرجری بھی ہوسکتی ہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹروں نے انہیں ذہنی دباؤ سے دوررہنے کا کہاہے جس کے سبب طبی بنیادوں پر اْنہیں چیئرمین کاعہدہ چھوڑنا پڑے گا۔ شہریارخان کے عہدہ چھوڑنے کی صورت میں ایگزیکٹوکمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی دوبارہ پی سی بی کے چیئرمین بن سکتے ہیں ۔گزشتہ عرصے یہ اطلاعات زیرگردش رہیں کہ شہریار خان مستعفی ہو جائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔

غیرسرکاری طور پر اطلاعات سامنے آئیں کہ انہیں مزید ایک سال تک کام جاری رکھنے کی ہدایت ملی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ درحقیقت انہیں مزید ایک ماہ تک چیئرمین بنے رہنے کا کہا گیا تھا، وہ بورڈ سے باوقار انداز میں رخصت چاہتے تھے جس پر سرپرست اعلیٰ بھی راضی ہیں، بعد ازاں انہوں نے مزید کچھ عرصے عہدے پر براجمان رہنے کا ارادہ کر لیا مگر طبی مسائل آڑے آگئے۔ گوکہ شہریارخان اب بھی دل سے عہدہ چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہیں مگر دل کی ہی وجہ سے انہیں بادل نخواستہ ذمہ داریوں سے الگ ہونا پڑ سکتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی