پانامہ لیکس تحقیقات، تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں دوبارہ اپیل دائر کر دی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ لیکس تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دوبارہ دائر کر دی ہے۔ یہ اپیل تحریک انصاف کے وکلاء کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کی درخواست سپریم کورٹ کے تین وکلاء کے تجربے کا نچوڑ ہے جس پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کا قانونی جواز نہیں اور اسے غیر سنجیدہ قرار دینا ناتجربہ کاری اور تضحیک ہے۔ رجسٹرار کے اعتراضات سپریم کورٹ کے تمام وکلاء کی تضحیک ہے، درخواست کو سماعت کیلئے مقرر اور فیصلہ کیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حامد خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات غیر سنجیدہ تھے کیونکہ سپریم کورٹ اس سے کم حجم کے سکینڈلز پر ازخود کارروائی کر چکی ہے ۔ رجسٹرار کسی درخواست کو غیر سنجیدہ یا ناقابل سماعت قرار نہیں دے سکتا، رجسٹرار نے خود کو جج کی حیثیت دی جو وہ نہیں کر سکتا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی۔