مراد علی شاہ کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات ، چاروں اکائیاں ترقی کریں گی تو پاکستان خوشحال ہو گا : شہباز شریف

مراد علی شاہ کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات ، چاروں اکائیاں ترقی کریں گی تو ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی سمیت صوبوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور وطن عزیز کو مل کر سنوارنا ہے۔ گزشتہ این ایف سی ایوارڈ پر اتفاق رائے سیاسی قوتوں کی بڑی کامیابی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی فضا کو مل کر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے اور چاروں اکائیاں ترقی کریں گی تو پاکستان خوشحال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگراموں میں سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا ہے۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سندھ کی وزرات اعلی کی ذمہ داریاں سنبھانے پر مراد علی شاہ کو مبارکباد دی اوران کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سندھ کے وزیراعلیٰ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔اس موقع پر سابق گورنر خیبرپختونخوا اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء سردار مہتاب احمد خان،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،صوبائی وزیر سکولزایجوکیشن رانا مشہود ،چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی سید غلام شاہ حسین اورڈاکٹر سکندر شوروبھی ملاقات میں موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 3 برس کے دوران ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ تمام شعبوں میں بہتری کیلئے شبانہ روز محنت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور آئندہ 2 برس میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت مستحکم اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔عالمی ادارے بھی پاکستان میں بہتر ہوتی صورتحال کا اعتراف کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں روشن، پرامن اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے متعدد منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ 2017 ء کے آخر تک متعدد توانائی منصوبے مکمل ہو جائیں گے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بے مقصد احتجاج کو عوام رد کرچکے ہیں۔قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو اپنے سیاسی طرز عمل پرنظرثانی کرنی چاہیئے۔ وزیر اعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ان سے قریبی رابطہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں صاحبزادہ محمد نذیر سلطان،رانا شمیم احمد اور بیگم غلام بی بی بھروانہ شامل تھیں ۔ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے سابق گورنر خیبر پختونخوا اورمسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء سردار مہتاب خان عباسی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جاپانی سفیرکیلئے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین قریبی تعلقات ہیں اور جاپان کا مختلف شعبوں میں تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے محنت اور جذبے سے مختلف شعبوں میں تیز رفتار ترقی کی ہے جو کہ پاکستان کیلئے بھی ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان جاپان کی مختلف شعبوں میں مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور دو طرفہ باہمی وفود کے تبادلوں سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جاپان کا تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کی بہتری میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون قابل تعریف ہے اور پنجاب مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے جاپان کے تعاون کا خواہاں ہے۔ صوبے میں تعلیم، صحت، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے انتہائی شفاف پالیسی اپنائی گئی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔ جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو معاشی تعاون میں بدلنے کی ضرورت ہے اور جاپان اس ضمن میں عملی اقدامات کرے گا۔

مزید : صفحہ اول