عطیات انسانیت سے لگاؤ رکھنے والوں اور طلباء پر خرچ کئے جائیں ،پرویز رشید

عطیات انسانیت سے لگاؤ رکھنے والوں اور طلباء پر خرچ کئے جائیں ،پرویز رشید

راولپنڈی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ برداشت اورپرامن بقائے باہمی کا پیغام دینے کیلئے عطیات کی رقوم انسانیت سے لگاؤ رکھنے والوں اور طلباء کی تعلیم پر خرچ کی جا ئیں جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوراخطہ پر امن بن جائے گا، ایسے عناصر کو عطیات نہ دیئے جائیں جو معاشرے میں منافرت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کو فروغ دیں۔ پیر کو یہاں عالمی یوم عطیات کے موقع پر الشفاء آئی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے مخیر حضرات اور ڈونرز سے کہاکہ ایسی تنظیموں کی مدد نہ کی جائے جو لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو منافرت کے نظریئے کے ساتھ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی طرف راغب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے علاج کیلئے الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کی خدمات قابل تعریف ہیں جو غریبوں کو مفت علاج فراہم کررہاہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے کہا کہ وہ ان اداروں کی مدد کریں جو انسانیت کی خدمت کررہے ہیں اور سماجی برائیوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عطیات دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ غریب اور مستحق افراد کی ہی فلاح و بہبود ہو اور انتہا پسند عناصر اسے قوم کو فرقہ واریت، نسل یا زبان کی بنیاد پر تقسیم کرنے کیلئے استعمال نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ بعد از موت آنکھوں جیسے اعضاء کا عطیہ دینا چاہیے تاکہ دکھی لوگوں کو فائدہ ہو۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عطیات دینے والے ڈونرز اور تنظیموں کے درمیان زیادہ رابطوں کی ضرورت ہے اور عطیات کی رقوم انسانیت سے لگاؤ ، برداشت اور پر امن بقائے باہمی کا پیغام دینے کیلئے طلباء کی تعلیم پر خرچ کی جائے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوراخطہ پر امن بن جائے گا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کی نگرانی میں جاری پراجیکٹ پاکستان پیس کولیکٹو کی جانب سے الشفاء آئی ٹرسٹ کو مالی امداد کا چیک پیش کیا۔ سیمینار سے الشفاء آئی ٹرسٹ کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ر) حامد جاوید ،چیف آف میڈیکل سروسز واجد علی اور پاکستان پیس کولیکٹوکی سی ای اوبشریٰ تسکین نے بھی خطاب کیا۔

مزید : صفحہ اول