وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بھی شہبازشریف کے ترقیاتی منصوبوں کے معترف

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بھی شہبازشریف کے ترقیاتی منصوبوں کے معترف

لاہور ( این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں لاہور سمیت صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اورمیں نے اپنے دورہ لاہور کے دوران بعض منصوبوں کامشاہدہ کیا ہے خصوصاً انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے شعبوں میں بہتری لانے کیلئے جو اقدامات کیے جارہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں،اسی طرح عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے شاندار اقدامات کیے گئے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات مثالی ہیں اورصوبائی دارلحکومت میں قائم کی گئی انفارمیشن ٹیکنالوجی یورنیورسٹی صوبے کے طلباء و طالبات کو جدید علوم سے آراستہ کرنے میں اہم کردارادا کررہی ہے۔اورمجھے خوشی ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے اپنی ذاتی نگرانی میں منصوبوں کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل یقینی بنائی ہے اوراس سے عوام کو اچھی سہولتیں میسر آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت میں مکمل ہونیوالے انفراسٹرکچر کے منصوبوں سے شہر لاہورکا نقشہ بدل گیا ہے ۔میں نے لاہور میں بنائی گئی جدید فرانزک سائنس ایجنسی کا بھی دورہ کیا اوریہ منصوبہ بھی انتہائی شاندار ہے جہاں جدید انداز میں کام ہورہا ہے ۔

مزید : علاقائی