احتجاج کی سیاست کسی طرح بھی ملکی اور عوامی مفاد میں نہیں ، گورنرپنجاب

احتجاج کی سیاست کسی طرح بھی ملکی اور عوامی مفاد میں نہیں ، گورنرپنجاب

لاہور ( نمائندہ خصوصی)سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے لاہور میں گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی ،ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ، معاشی اور اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی کے مشیر سکندرشورو ، قادر جیلانی اور صوبائی وزیر مہمان داری رانا مشہود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی نوعیت کے معاملات چوراہوں پر حل نہیں ہوتے اس کے لیے قانونی طریقہ کار اور آئینی ادارے موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی سیاست کسی طرح بھی ملکی اور عوامی مفاد میں نہیں ، تمام سیاسی جماعتوں کو آگے بڑھنے کے لیے تعمیر ی اور مثبت سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔گورنرنے کہا کہ تمام مسائل کا حل مسلسل باہمی مشاورت سے ہی ممکن بنایا جا سکتاہے، ایک دوسرے کے مسائل کو سمجھنے اور اس کو حل کرنے کے لیے ایسی ملاقاتیں موثر ہوتی ہیں اور ان کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، گورنر پنجاب نے کہا کہ ان کا حالیہ دورہ کراچی باہمی محبت، میل جول کو بڑھانے اور ایک دوسرے کے مسائل سے آگہی کی ہی ایک کڑی تھی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پر امن ماحول کی فراہمی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہو ں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور سیاسی جماعتوں کو کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے قومی مفادات کو مدنظر رکھنا چاہیے ۔اس موقع پر سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب نے ملک کے چھوٹے صوبوں کی ترقی کے لیے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ملک میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے کراچی میں قیام امن ناگزیر ہے اور سندھ حکومت کااس سلسلے میں واضح موقف ہے۔

مزید : علاقائی