گجرات ،مخالفین کی گھر میں گھس کر فائرنگ،میاں بیوی تین بچوں سمیت قتل

گجرات ،مخالفین کی گھر میں گھس کر فائرنگ،میاں بیوی تین بچوں سمیت قتل

گجرات (بیورورپورٹ)تھانہ صدر گجرات کے علاقے معین الدین پور سیداں میں مسلح افراد نے خون کی ہولی کھیلتے ہوئے بینک منیجر اسکی بیوی اور بچو ں سمیت ایک ہی خاندان کے 5افراد کو بیدری سے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تفصیلات کے مطابق مسلح افراد نے معین الدین پور کے رہائشی بینک منیجر (پنجاب بینک کچہری چوک برانچ) تصور عباس شاہ کے گھر داخل ہو کر اسے اسکی بیوی سامعہ بی بی ‘ تین بچوں17سالہ مرسل ‘ 15سالہ سلیمان ‘ اور 12سالہ آرمیکا جو مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم تھے کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا فائرنگ کی آواز سے پورا گاؤں لرز اٹھا لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ملزمان وقوعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر ناکہ بندی کر دی تاہم ملزمان بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے مقتول تصور عباس چیئرمین یونین کونسل سید عقیل شاہ کا بہنوئی اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید طالب حسین شاہ مرحوم جنہیں مخالفین نے بیدری سے قتل کر دیا تھا کا داماد جبکہ مقتولہ سامعہ سید طالب حسین شاہ مرحوم کی صاحبزادی اور سید عقیل شاہ ‘ سید عدیل شاہ کی ہمشیرہ بیان کی جاتی ہے پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس سے قبل بھی سابق ناظم سید شاہد حسین شاہ اور مقتول سید طالب حسین شاہ خاندان کے درمیان خاندانی دشمنی کے نتیجے میں متعدد افراد قتل ہو چکے ہیں پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے گجرات میں اجتماعی قتل کی اس لرزہ خیر واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے مقامی پولیس مصروف تفتیش ہے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقتول خاندان کے عزیز واقارب ‘ بینکوں کا عملہ اور شہریوں کی بڑی تعداد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچ گئی عزیز واقارب دھاڑیں مار مار کر روتے رہے اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی ہسپتال میں موجود تھی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول