عمران خان کو پی پی کے مقابلے میں کچھ نہیں ملے گا، مولابخش چانڈیو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیراطلاعات مولابخش چانڈیو نے عمران خان کی سندھ میں سیاسی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کو سندھ میں پیپلزپارٹی کے مقابلے میں کچھ نہیں ملے گا۔پیرکومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کی خوبصورت زمین پیپلزپارٹی کیلئے ہے، عمران خان کو سندھ میں ویلکم کہتے ہیں لیکن ان کو پیپلزپارٹی کے مقابلے میں کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کسی آستانے کی تلاش ہے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیں طعنہ دیتی تھی کہ پیپلزپارٹی والے مظلوم بننا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن اب خود مظلوم بننا چاہتی ہے مسلم لیگ ن کسی غلط فہمی میں نہ رہے اسے کوئی مظلوم بننے نہیں دیگا۔انہوں نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار اور پارٹی کے دوسرے رہنما اب بھی اشاروں، کنایوں میں الطاف حسین کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہاں پر اب صرف محب وطن ایم کیو ایم رہ سکتی ہے پاکستان مخالف ایم کیو ایم نہیں چلے گی۔ لندن سے رابطہ جاری رہا تو توڑ پھوڑ کا عمل بھی جاری رہے گا۔