عمران خان سندھ میں قدم نہیں جماسکیں گے ،آغا سراج درانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سندھ میں قدم نہیں جماسکیں گے ۔کپتان کو سندھ میں جگہ بنانے کے لیے پہلے سندھ کے کلچر کو سمجھنا ہوگا ۔ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش ہوئی تو اس بحث کرائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوسندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔آغا سراج درانی نے کہا کہ سندھ کی سیاست کو سمجھنے والے لوگ عمران خان کے پاس نہیں ہیں اور وہ خود بھی سندھ کی سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہاکہ نے کہاکہ ایم کیو ایم اپنے مسائل سے نہ نکلی تو اور مشکل میں پڑ جائے گی ۔عید کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے اور ایم کیوایم قائد کے خلاف اگر سندھ اسمبلی میں قرارداد آئی تو ان پر کارروائی ضرور ہوگی۔کراچی کے حلقہ پی ایس 127کے ضمنی انتخاب پر تبصرہ کرتے ہوئے آغاسراج درانی نے کہاکہ عبداللہ مراد کی شہادت کے بعد یہ حلقہ پیپلزپارٹی سے زبردستی چھینا گیاتھا۔ہم ایک مرتبہ پھر یہاں سے کامیابی حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس خواب دیکھنے کے لیے منظور وسان کافی ہیں ۔حکومت سندھ کو چاہیے کہ مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کرے ۔