مہاجر ملک کے لئے ہرقربانی دینے کیلئے تیار ہیں، ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر پاکستان کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ کیونکہ مہاجر ہی خالق پاکستان ہیں اور اس کے قیام کیلئے جس قدر قربانی مہاجروں کے آباؤ اجداد نے دی ہیں اس کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی لیکن اس سب کے باوجود کوٹہ سسٹم کے نفاذ سے لے کر وسائل کی تقسیم تک جس طرح سندھ میں مہاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا اس نے مہاجروں میں احساس محرومی اور بغاوت کو جنم دیا ہے۔ وہ مقامی ہوٹل میں MIT کے رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر بہارالدین شیخ، ولی محمد انقلابی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے سندھ کے مہاجروں سے اپیل کی کہ وہ 6ستمبر یوم دفاع پاکستان بھرپور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منائیں کیونکہ پاکستان ہی ہماری اساس ہے ۔ اس کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو مہاجر کسی طور پر معاف نہیں کریں گے۔ لیکن حکمرانوں کو بھی مہاجروں کے مفادات اور مسائل کا ادراک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آج مہاجروں کو اپنے ہی ملک میں اور اپنے ہی شہروں میں اجنبی بنادیا گیا ہے ۔ چند مفاد پرستوں کے عمل کو پوری قوم سے جوڑا جارہا ہے۔ جبکہ مہاجر نہ تو دہشت گرد ہیں اور نہ ہی ملک دشمن ۔ بلکہ جب بھی دہشت گردی کی بات ہوتی ہے مہاجر سب سے پہلے اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں رائج کوٹہ سسٹم نے ہماری تین نسلوں کو تباہ کردیا ہے ۔ اگر یہ کوٹہ سسٹم اتنا ہی فائدے مند ہے تو پھر پنجاب، خیبرپختونواہ ، بلوچستان میں بھی اسے دیہی و شہری کی بنیاد پر نافذ کیاجائے۔ سندھ میں کوٹہ سسٹم کے نفاذ کے بعد سے مہاجروں میں احساس محرومی ، بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ اور اگر فوری طورپر اسے اب بھی ختم نہ کیا گیا تو یہ احساس محرومی بغاوت اور ملک دشمنی کی صورت اختیار کرسکتی ہے جو کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔