سی پیک منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے :حمزہ شہباز

سی پیک منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے :حمزہ ...

چیچہ وطنی(نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے رہنما ممبر قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام روز بروز کے کھیل تماشوں سے تنگ آ گئے ہیں ، لاہور کی ریلی کو ریلی کہنا نا انصافی ہے ،تونسہ ، بورے والا، جہلم کے ضمنی انتخاب میں بھرپورکامیابی کے بعد اب حلقہ این اے 162 چیچہ وطنی کے ضمنی الیکشن میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو ں گے۔عمران خان کو وزیر اعظم بننے کے جو خواب نظر آتے ہیں وہ خواب ہی رہ جائیں گے۔عمران خان نے مجھ پر قاتل ہونے کا جھوٹا الزام لگایا ہے میں ان کے خلاف عدالت جاؤں گا۔میں چوہدری زاہد اقبال کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیاب کرانے کا یقین دلایا ہے ، چوہدری زاہد اقبال بہت جلد چیئرمین ضلع کونسل بننے جا رہے ہیں میں انہیں ایڈوانس مبارک باد پیش کر تا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری زاہد اقبال کی رہائش گاہ پر پرہجوم پریس کانفرنس اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد منیر ازہر ، رکن قومی اسمبلی حاجی عمران شاہ ولی،رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد ارائیں، سابق صوبائی وزیر ارشد خاں لودھی، ممبر صوبائی اسمبلی ملک محمد ارشد سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنوں اور سڑکوں کی سیاست کرتا ہے جبکہ ہم تعمیر و ترقی کے ریکارڈ قائم کررہے ہیں ، سی پیک منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ انہوں نے پنڈال میں بیٹھے ہوئے مسلم لیگ ن کے ضلعی جوائنٹ سیکرٹری شیخ فہیم احمد خاں کی طرف انگلی اٹھا کر کہا کہ مونچھیں ہوں تو اس بھائی جیسی ہوں جس پر پنڈال میں بیٹھے ہوئے لوگ زور و شور سے ہنسنے لگے۔بعد ازاں مسلم لیگ ن کے امیدوار حلقہ این اے162 چوہدری محمد طفیل اور معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری محمد ارشد جٹ چوہدری زاہد اقبال کے ڈیرے پر آئے اور چوہدری زاہد اقبال کی طرف سے حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں میاں حمزہ شہباز شریف امیدوار حلقہ این اے 162 چوہدری محمد طفیل اور چوہدری محمد ارشد جٹ کی رہائش گاہ ولی چوک پہنچے جہاں پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ ، چوہدری محمد اقبال جٹ، کونسلرز سلطان مصطفائی ،چوہدری ناصر طفیل، محمد یاسر جٹ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر حافظ محمد بلال، صفدر منیر بھٹی سمیت چیئرمینوں ، کونسلرز اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر