کوہاٹ ،ڈسٹرکٹ کورٹس میں سیکورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد

کوہاٹ ،ڈسٹرکٹ کورٹس میں سیکورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوہاٹ(بیورورپورٹ) کوہاٹ ڈسٹرکٹ کورٹس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے غیر معمولی فیصلے کرلئے گئے ہیں۔اس حوالے سے مقامی عدالتوں کے ججز،پولیس انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ بار کونسل کا مشترکہ اجلاس سوموار کے روز ضلعی بار روم میں منعقد ہوا جسمیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہاٹ محمد یونس خان،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف،ماتحت عدالتوں کے ججوں اور ڈسٹرکٹ بار کونسل کے صدر محمد جاوید پنجی کے علاوہ بار کونسل کے ممبران اور وکلاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے کہا کہ ضلع کچہری اور قانون دانوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے حفاظت کی ذمہ داری پولیس کی ہے تاہم شہری بھی اس سلسلے میں پولیس کا ساتھ دیکر امن عمل کو ناقابل تسخیر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈسٹرکٹ کورٹس کی سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کچہری کے احاطے میں ہر قسم کی گاڑیوں کا داخلہ بند کرکے چیکنگ کیلئے چھ مخصوص مقامات پر پولیس پکٹس قائم کرلئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی عمل کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کچہری کے داخلی راستوں اور عدالتوں کی عمارتوں میں اضافی سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹس نصب کئے جارہے ہیں جبکہ کورٹس کے گرد پچاس سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کرلئے گئے ہیں اور کوئیک رسپانس فورس کے اہلکاروں کو سیکیورٹی گشت پر مامور کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں وقت کا تقاجا ہے ۔انہوں نے وکلاء پرزور دیا کہ سیکیورٹی عوامل میں پولیس کا ساتھ دیکر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔اجلاس میں ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف اور جوڈیشل مجسٹریٹ ون سید مدثر شاہ ترمذی کو متفقہ طور پر سیکیورٹی انچارج مقرر کر دیا گیا ہے اور کسی بھی تجویز ،شکایت یا اطلاع کی صورت میں ان سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔