ترقیاتی منصوبے بر وقت مکمل نہ کرنیوالے ٹھیکیدار بلیک لسٹ ہوں گے :ضیاے اللہ بنگش
کوہاٹ(بیورورپورٹ) ضلعی مشاورتی و ترقیاتی کمیٹی (ڈیڈک) کا خصوصی اجلاس زیر صدارت ممبر و صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ بنگش منعقد ہوا جس میں سرکاری محکموں کے افسران کے علاوہ ڈسٹرکٹ فنانس آفیسر واحد الرحمن خٹک اور تحصیل ناظم لاچی اشفاق قریشی نے شرکت کی ضیاء اللہ بنگش نے رواں مالی سال کے دوران کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا اور ٹھیکیدار کو تنبیہ کی کہ جو کام نہیں کر سکتے انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے گا جبکہ کچئی روڈ کے تعمیراتی کام میں غفلت برتنے پر فوری طور پر ٹھیکیدار عالم زیب کو بلیک لسٹ کر دیا انہوں نے تمام سرکاری افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر جاری اور بند منصوبہ جات کی تفصیلات مہیا کر دیں انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ کے ڈی اے میں ہاکی گراؤنڈ‘ کرکٹ گراؤنڈ اور فٹ بال گراؤنڈز اور فلڈ لائیٹس کی تفصیلات سات دن کے اندر مجھ تک پہنچا دیں اور مقامات کی نشاندہی کی جائے تاکہ اس پر کام شروع کیا جا سکے جبکہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے 50 کروڑ روپے منظور کر لیے گئے ہیں انہوں نے واپڈا افسران سے بھی گزشتہ دو سالوں کے دوران ٹرانس فارمرز کے لیے جو رقم جمع کرائی گئی ہے اس پر جلد از جلد ٹرانس فارمرز مہیا کیے جائیں تاکہ بند ٹیوب ویلوں کو چالو کر کے عوام کو مستفید کرایا جا سکے انہوں نے محمد زئی قبرستان پر جلد کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ضیاء اللہ بنگش نے پنڈی روڈ پر سولر لائٹس کی تنصیب ایک ہفتہ کے اندر مکمل کرنے کا حکم دیا بصورت دیگر ایکسین ٹی ایم اے اور ایس ڈی او کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کوھاٹ چرچ اور شیرکوٹ امام بارگاہ میں سولر لائٹس کا کام جلد شروع کرنے کمپنی باغ اور شہر میں صفائی کی ناقص صورت حال کا جلد نوٹس لینے‘ کمپنی باغ کے عملہ صفائی‘ ٹی ایم اے کے مسلم بیلداروں کی تفصیلات‘ شہر میں پانی کی قلت دور کرنے کے اقدامات بارے رپورٹ بھی ہر ہفتے انجینئر قاضی اور عرفان کو پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں انہوں نے ٹی ایم اے کی آمدنی اور اخراجات کا گوشوارہ بھی انہیں مہیا کرنے کا حکم دیا انہوں نے ضلع بھر کے تمام ترقیاتی کام تین ماہ کے اندر مکمل کرنے اور ری سائیکلنگ پلانٹ کی فائل تحصیلدار سے کلیئر کر کے اس پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ کمپنی باغ میں نصب کیے جانے والے جھولے پی سی ون کے مطابق ہیں جو ٹھیکیدار ہماری بدنامی کر رہے ہیں انہیں بلیک لسٹ کیا جائے انہوں نے بتایا کہ لیاقت میموریل ہسپتال کی از سر نو تعمیر کے لیے پاک آرمی نے این او سی دے دیا ہے راہا کی جانب سے بہت جلد ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کا اعلان کر دیا جائے گا انہوں نے کلسٹر ہاسٹل برائے خواتین کی تعمیر میلم ویلفیئر سنٹر یا کے ڈی اے کے کسی موزوں مقام پر کرنے کا بھی اعلان کیا انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوھاٹ کی مرمت کے لیے 5 کروڑ روپے کی منظوری ہو گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے کوھاٹ میں 5 مرد اور 5 خواتین کنٹینر سکول کے قیام کی بھی منظوری ہو چکی ہے ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش نے رواں مالی سال کے ترقیاتی سکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اربن2 میں نالیوں اور گلیوں کی تعمیر پر 13 لاکھ‘ اربن3 میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر پر 10 لاکھ‘ اربن4 میں نالیوں گلیوں کی مرمت کے لیے 10 لاکھ‘ اربن5 کے لیے 15 لاکھ‘ رحمان بابا سلطانی بانڈہ میں 10 لاکھ‘ بانڈہ پراچگان کے لیے 10 لاکھ‘ پرچاؤ اور بابا شنگی کے لیے 10 لاکھ‘ ایکسٹینشن کازوے نصرت کیل کے لیے 20 لاکھ‘ شیرکوٹ کے لیے 10 لاکھ‘ علی زئی کے لیے 10 لاکھ‘ استرزئی کے لیے 15 لاکھ‘ تعمیر ختم نبوت مسجد کے لیے 10 لاکھ‘ کالو خان بانڈہ میں تعمیر مدرسہ للبنات کے لیے 10 لاکھ‘ مدرسہ امیر معاویہ محمد زئی کے لیے 10 لاکھ‘ مقامی اخبار‘ پشتو ادبی ٹولنہ نعیم کوھاٹی وغیرہ کے لیے 10 لاکھ‘ سپورٹس میٹریل برائے سکولز کے لیے 13 لاکھ‘ تعمیر مسجد ابوبکر محمد زئی نالی گلی مرمت کے لیے 20 لاکھ اور ٹرانس فارمر مرمتی کے لیے 8 ہزار روپے مختص کر دیئے ہیں جو کل ایک کروڑ 73 لاکھ روپے ہے جو کوھاٹ کے رائلٹی فنڈ کا حصہ ہے۔