تحریک انصاف آج کراچی میں عوامی طاقت دکھائے گی، جلسے کی تیاریاں مکمل،متبادل ٹریفک پلان بھی آگیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف آج شہر قائد میں عوامی طاقت دکھائے گی، کراچی کے نشتر پارک میں جلسے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، جلسے کے سبب شہریوں کے لئے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کا معرکہ سر کرنے کراچی پہنچے کپتان آج کھلاڑیوں کو آزمائیں گے،عوامی طاقت بھی دکھائیں گے،کراچی کے نشتر پارک میں جلسے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ رات گئے عمران خان نے خود انتظامات کا جائزہ لیا۔ آج جلسے سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف نااہلی ریفرنس مسترد ہونے کے معاملے پر شدید رد عمل سامنے آنے کا امکان ہے، عمران خان پہلے ہی سپیکر ایاز صادق کو شدید تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے جلسے کے پیش نظر کراچی میں متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :متحد ہ قومی موومنٹ نے کنونیئر ندیم نصرت کو بھی غیر فعال کردیا
ٹریفک پولیس کے مطابق دوپہر ایک بجے کے بعد سے شارع قائدین سے نمائش جانے والی ٹریفک کو سوسائٹی لائٹ سگنل سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا، ٹریفک کو عائشہ عزیز چورنگی سے کشمیر روڈ اور پی پی چورنگی کی جانب بھیجا جائے گا۔ایم اے جناح روڈ پر ٹاور سے جانے والا ٹریفک کیپری سے آگے نہیں جانے دیا جائے گااوراسے بہادر یار جنگ روڈ اور صدر دواخانہ سے کوریڈور تھری کی جانب بھیجا جائے گا۔اسی طرح ناظم آباد اور گرومندر سے آنےوالی ٹریفک کو پی پی چورنگی سے کوریڈور تھری کی جانب بھیجا جائے گا۔